یو این آئی
سری نگر//پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا دعویٰ ہے کہ انہیں سوپور جانے سے روکنے کے لیے گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے جمعرات کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا: ‘ سیاسی قیادت کو گھر میں نظربند کرنے کا فیصلہ،صرف اس لئے لیا گیا ہے کہ ہمیں پروفیسر عبدالغنی بٹ انتقال پر تعزیت کے لیے سوپور جانے سے روکا جائے ‘۔ انہوں نے کہا: ‘اس سے جموں و کشمیر کی تلخ اور غیر جمہوری حقیقت عیاں ہوجاتی ہے ‘۔ حالیہ درگاہ حضرت بل واقعے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کا پوسٹ میں کہنا تھا: ‘ درگاہ حضرت بل میں جو کچھ ہوا، عوامی غصہ محض ایک الگ تھلگ واقعہ نہیں تھا۔ یہ ایک اونچی آواز میں لوگوں کی طرف سے ناقابل یقین پیغام تھا جس کو کنارے کی طرف دھکیل دیا گیا تھا’۔ادھر پیپلز کانفرنس کے صدر اور رکن اسمبلی سجاد لون کا دعویٰ ہے انہیں بٹنگو سوپور جانے سے روکنے کے لئے گھر میں نظر بند رکھا گیا ۔سجاد لون نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ مجھے پروفیسر غنی کے آبائی گاؤں بٹنگو میں جانے سے روکنے کے لیے گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے ‘۔ انہوں نے کہا: ‘میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اس کی ضرورت کیا ہے ، پروفیسر غنی امن پسند تھے اور طویل عرصے سے لگ بھگ ریٹائرڈ تھے ‘۔