عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر جاری سیوا پکھواڑا کے ایک حصے کے طور پر جموں و کشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی نے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کپوارہ میں خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کا افتتاح بی جے پی کے جنرل سکریٹری جے اینڈ کے اشوک کول نے پارٹی کے سینئر لیڈروں اور مقامی عہدیداروں کی موجودگی میں کیا۔کیمپ میں بی جے پی کے کارکنوں، حامیوں، اور مقامی کمیونٹی کے ارکان کی پرجوش شرکت دیکھی گئی جو رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دینے کے لیے آگے آئے۔ خون کے عطیہ کی مہم کے بعد ایک میڈیکل کیمپ بھی لگایا گیا۔ کیمپ نے طبی مشاورت فراہم کرنے اور ضرورت مند مریضوں کو ضروری ادویات مفت تقسیم کرنے کے لیے کثیر الجہتی طریقہ اپنایا۔ میڈیا کوانچارج ایڈوکیٹ ساجد یوسف شاہ، ضلعی صدر کپوارہ رفیق شاہ سمیت پارٹی کے دیگر سینئر کارکنان نے کیمپ میں شرکت کی۔اس دوران اشوک کول نے کپوارہ کے ضلعی عہدیداروں، سینئر لیڈروں، اور سابق ضلع صدور کے ساتھ ڈاک بنگلہ، کپواڑہ میں ایک تنظیمی میٹنگ کی صدارت کی۔انہوں نے زمینی سطح پر پارٹی کی رسائی کو بڑھانے اور اس بات کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا کہ سماج کا ہر طبقہ بی جے پی کے مشن سے جڑا ہوا محسوس کرے۔ انہوں نے کہا کہ کپواڑہ میں بے پناہ صلاحیت ہے، اور ترجیح یہ ہے کہ نریندر مودی حکومت کی مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں کو براہ راست ان کی دہلیز تک لے کر لوگوں کو بااختیار بنایا جائے۔