عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کے روز نیپال کی عبوری وزیر اعظم سُشیلا کارکی سے بات کی اور نیپال میں امن و استحکام قائم کرنے کی ان کی کوششوں میں ہندوستان کی حمایت کو دہرایا۔پی ایم مودی نے نیپال کی وزیر اعظم سے گفتگو کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم کارکی اور وہاں کے عوام کو نیپال کے قومی دن کی دلی مبارکباد بھی دی۔وزیر اعظم نے پوسٹ میں لکھا، ‘نیپال کی عبوری حکومت کی وزیر اعظم محترمہ سُشیلا کارکی سے گرمجوشی کے ساتھ بات چیت ہوئی۔ وہاں حال ہی میں ہوئی افسوسناک اموات پر گہری تعزیت کا اظہار کیا اور امن و استحکام قائم کرنے کی ان کی کوششوں کے تئیں ہندوستان کی پختہ حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ میں نے کل نیپال کے قومی دن پر انہیں اور نیپال کے عوام کو دلی مبارکباد دی۔’دونوں رہنماؤں کی بات چیت سے پہلے نیپال میں ہندوستانی سفیر نوین سریواستو نے منگل کے روز وزیر اعظم کارکی سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے دوران سفیر سریواستو نے نیپال کی ترقی اور خوشحالی میں تعاون کے لیے ہندوستان کے مستقل عزم کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ یہ تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔انہوں نے نیپال کی ترقی اور تعمیر نو میں ہندوستان کی طرف سے دی جانے والی امداد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نیپال میں امن، بہتر حکمرانی اور استحکام کے حق میں ہے ۔’نیپال خبر’ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کارکی نے ہندوستانی سفیر سے کہا کہ وہ جمعرات کے روز اپنے ہندوستانی ہم منصب کے ساتھ باہمی مفاد کے امور پر تفصیل سے بات کریں گی۔اس سے پہلے عبوری وزیر اعظم کے طور پر عہدہ سنبھالنے پر پی ایم مودی نے محترمہ کارکی کو بھیجے گئے تہنیتی پیغام میں نیپال کی خوشحالی کی دعا کی تھی اور نیپال میں جمہوری حکومت کے قیام کا خیرمقدم کیا تھا۔