عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو مرکز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں کئی اہم سیاحتی مقامات مسلسل بند ہیں اور سیاحت کے فروغ اور ان مقامات کی بندش ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔گلمرگ کنونشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر عمر عبداللہ نےکہا کہ پہلگام واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن جب ایک بار سیکورٹی انتظامات مکمل ہوگئے تو حکومت کو فوراً ہی سیاحتی مقامات کھول دینے چاہیے تھے۔
انہوں نے کہا’’ایک طرف حکومت حالات کو معمول پر آنے کا دعویٰ کرتی ہے اور سیاحت کے فروغ کے لیے مہم چلاتی ہے لیکن دوسری طرف کئی مقبول مقامات بند رکھے گئے ہیں۔ یہ دونوں باتیں ساتھ ساتھ نہیں چل سکتیں۔وزیر اعلیٰ نے درونگ، دودھ پتھری، گلمرگ کے کچھ حصے، یوسمرگ، توسہ میدان اور دیگر مقامات کو فوراً کھولنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سیاحتی شعبے سے جڑے لوگ پہلے ہی بھاری نقصان اٹھا چکے ہیں۔
سیاحت کو فروغ دینے کے دعوے اور سیاحتی مقامات کی بندش ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
