عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بٹہ مالو تھانے کی حدود میں ایک خاتون نے نشہ کے عادی اپنے بیٹے پر پُرتشدد حملے کا الزام لگایا جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق 52 سالہ گھریلو خاتون، جس کی شناخت عرفانہ کے طور پر ہوئی ہے، نے پولیس اسٹیشن بٹہ مالو میں تحریری شکایت درج کرائی کہ اس کے بیٹے عدنان (عمر تقریباً 22 برس) نے اس پر جسمانی حملہ کیا۔ عدنان جو ارشاد احمد بٹ ساکن نیو کالونی بمنہ کا بیٹا ہے، پر اُس کی ماں نے منشیات کا عادی ہونے اور پرتشدد رویے کا الزام لگایا ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد باقاعدہ کارروائی عمل میں لائی گئی اور ایف آئی آر نمبر 72/2025 پولیس تھانہ بٹہ مالو میں درج کی گئی۔ مقدمہ بھارتیہ نیایہ سنہیتا (BNS) کی دفعہ 109 اور رنبیر پینل کوڈ (RPC) کی دفعہ 307 کے تحت درج کیا گیا ہے، جو اقدامِ قتل سے متعلق ہے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔زخمی خاتون کو جے وی سی اسپتال بمنہ میں داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج کیا جا رہا ہے، تاہم چوٹوں کی نوعیت کے بارے میں فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ کیس سری نگر میں نوجوانوں میں بڑھتی منشیات کی لت کے تشویشناک رجحان کی عکاسی کرتا ہے، جو اکثر گھریلو تشدد اور خاندانی جھگڑوں کا سبب بنتا ہے۔ حالیہ مہینوں میں سری نگر پولیس نے بارہا نشاندہی کی ہے کہ کس طرح منشیات کا استعمال جرائم میں اضافے اور خاندانی نظام کی تباہی کا باعث بن رہا ہے۔
بمنہ کے مقامی لوگوں نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے انسدادِ منشیات مہم کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایک مقامی شہری نے کہایہ واقعہ چونکا دینے والا ہے۔ منشیات نوجوان نسل کو برباد کر رہی ہیں اور اب خاندانوں کو بھی توڑ رہی ہیں۔ اس وبا پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات ضروری ہیں۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ معاملے کی تفتیش ترجیحی بنیادوں پر کی جا رہی ہے اور ابتدائی شواہد اور میڈیکل رپورٹس سامنے آنے کے بعد ملزم کے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سری نگر میں نشہ کے عادی بیٹے کا ماں پر مبینہ حملہ، پولیس نے اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا
