اشتیاق ملک
ڈوڈہ// گمشدہ و چوری شدہ چیزوں کی بازیابی کے لیے ڈوڈہ پولیس صوبہ جموں میں اول مقام حاصل کیا ہے۔ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا جے نے انسپکٹر سریندر ویر اور پی ایس آئی انکش ناگرا (نوڈل سی ای آئی آر) کی قیادت میں، حکومت ہند، وزارت مواصلات، ڈپارٹمنٹ آف ٹیلی کمیونیکیشن، جموں و کشمیر کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سائبر پولیس سٹیشن ڈوڈہ ضلع سی ای آئی آر پورٹل کے ذریعے گم شدہ اور چوری شدہ موبائلوں کی بازیابی کے لیے جموں زون کے بہترین کارکردگی دکھانے والے اضلاع میں سر فہرست رہا ہے۔پولیس ہیڈکواٹر ڈوڈہ میں منعقد پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم نے سائبر کرائم سے نمٹنے میں اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت، تکنیکی قابلیت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8,00,835روپے کی آن لائن دھوکہ دہی کی رقم کو کامیابی سے حل اور برآمد کیا اور ساتھ ہی ملک کی مختلف ریاستوں مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے 57گم شدہ موبائل فون بھی برآمد کیے، جن کی تخمینی قیمت تقریباً 8,87,715روپے ہے۔ ایس ایس پی سندیپ مہتا نے کہا کہ تفتیش کے دوران سائبر پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے پی ایس آئی ساحل کمار کی قیادت میں ای ایس یو یونٹ کی مدد سے بھرپور کوششیں اور جدید تکنیکی مہارتوں کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں 8,00,835 روپے کی دھوکہ دہی کی رقم اور 57گم شدہ موبائل فون کامیابی سے برآمد ہوئے، جن کی تخمینی قیمت تقریباً 8,87,715 روپے ہے۔مہتا نے ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹرز ڈوڈہ میں برآمد شدہ موبائل فون ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دئیے۔ایس ایس پی ڈوڈہ نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے موبائلوں کا انتہائی خیال رکھیں کیونکہ ان میں ذاتی ڈیٹا ہوتا ہے اور موبائل فونز کے غلط استعمال کا ہر امکان ہوتا ہے۔ اپنے گم شدہ لاپتہ موبائل فون واپس ملنے پر مالکان نے خوشی کا اظہار کیا اور پولیس کا ان کے گم شدہ موبائلوں کو تلاش کرنے کی بھرپور کوشش پر شکریہ ادا کیا۔ایس ایس پی نے اپنی اپیل کو دہراتے ہوئے عام لوگوں سے کہا کہ وہ زیادہ چوکس رہیں اور فوری طور پر نیشنل ہیلپ لائن نمبر 1930پر رپورٹ کریں یا www.cybercrime.gov.in پر آن لائن سائبر شکایات درج کرائیں اور گم شدہ/چوری شدہ موبائل کی صورت میں www.ceir.gov.in پر رپورٹ کریں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سائبر پولیس اسٹیشن ڈوڈہ نے اب تک 56,77,173روپے کی دھوکہ دہی کی بڑی رقم برآمد کی ہے اور 47,29,688 روپے مالیت کے 276موبائل فون بھی بازیاب کئے ہیں.