پل رام بن، سنگلدان اور گول کے تقریباً 1.5لاکھ لوگوں کیلئے امید کی علامت:منوج سنہا
محمد تسکین
بانہال// فوج نے رام بن ضلع میں کرول۔میترہ ۔ گول سڑک پر بھتی کے مقام پر بیلی برج تعمیر کرکے ہزاروں مقامی لوگوں کے لئے ایک اہم رابطہ بحال کیا ہے۔ فوج کی طرف سے چار روز کے ریکارڈ وقت میں بنائے گئے اس پل کا باضابطہ افتتاح بدھ کی صبح لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ورچوئل موڈ کے ذریعے کیا ۔ اس تقریب کے موقع پر کانفرنس ہال رام بن میں جرنل آفیسر کمانڈر جی او سی ڈیلٹا فورس کونٹر انسر جنسی اے پی ایس بال ، کمانڈر 11سیکٹر راشٹریہ رائفلز، ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج شری دھر پاٹل ، ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان اور ایس ایس پی رام بن ارون گپتا ، بارڈر روڈ آرگنائزیشن اور نیشنل ہائے وے آتھارٹی آف انڈیا کے حکام کے علاوہ ڈی ڈی سی کونسلر رام بن رینوکا کٹوچ ، سینئر کانگریس لیڈران فیروز خان ، اشوک کمار اور ذی عزت شہری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پل رام بن، سنگلدان اور گول کے علاقوں میں رہنے والے تقریباً 1.5لاکھ لوگوں کے لیے امید کی علامت اور لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پل نمایاں طور پر کنیکٹیوٹی کو فروغ دے گا اور مقامی رہائشیوں کے لیے زندگی کو بہتر بنائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حالیہ قدرتی آفات نے زندگی کو شدید طور پر متاثر کیا ہے ،بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے اور مالی مشکلات کے ساتھ ساتھ سنگلدان کو گول اور دیگر ملحقہ علاقوں کے ساتھ جوڑنے والے اس اہم راستے میں خلل پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان چیلنجوں کے باوجود فوج کے بہادر انجینئروں نے مشکل حالات میں پل کو مکمل کرنے کے لیے انتھک محنت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بیلی برج فوج کی لگن، مہارت اور غیر متزلزل خدمات کو ثابت کرتا ہے اور اس اہم رابطے نے نہ صرف متاثرہ کمیونٹیوں کو ریلیف اور مدد فراہم کی ہے بلکہ پورے خطے کے لیے امید کی نئی کرن بھی پیدا کی ہے ۔ خیال رہے کہ ضلع انتظامیہ رام بن کی درخواست پر فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار دن کے ریکارڈ وقت میں یہ بیلی برج مکمل کرکے اسے قوم کے نام وقف کیا۔نئے پل کی تعمیر سے میتراہ، رام بن، گول اور سنگلدان کے لوگوں کو بڑی راحت ملے گی اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔