عشرت حسین بٹ
منڈی // بدھ کو سب ضلع ہسپتال منڈی میں ’صحت مند ناری، مضبوط خاندان‘مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر منڈی کے سابقہ سرپنچ مبشر حسین بانڈے نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کی صحت بہتر بنانا نہ صرف خاندانی خوشحالی بلکہ ملک کی ترقی کے لئے بھی ایک بنیادی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ منڈی چونکہ ضلع پونچھ کا ایک دور دراز علاقہ ہے، اس لئے یہاں صحت عامہ کے شعبے میں اس نوعیت کی مہمات شروع ہونا ایک خوش آئند پیش رفت ہے، تاکہ مستورات کو بہتر طبی سہولیات فراہم ہو سکیں۔اس موقع پر مبشر حسین بانڈے نے بلاک میڈیکل آفیسر منڈی ڈاکٹر ریاض احمد جان کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی محنت اور لگن کی وجہ سے عوام کو جدید طبی سہولیات میسر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس مہم کے تحت خواتین اور بچوں کی صحت میں مزید بہتری آئے گی۔تقریب کے دوران مختلف طبی خدمات فراہم کی گئیں جن میں کان، آنکھ، دانتوں کا معائنہ، بلڈ پریشر اور شوگر کی جانچ، کینسر کی ابتدائی اسکریننگ، حاملہ خواتین کے پری نیٹل چیک اپ، حفاظتی ٹیکے، ٹی بی کی تشخیص اور سِکل سیل انیمیا کی جانچ شامل تھیں۔مزید برآں، شرکاء کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی اہمیت، مقامی غذا کے استعمال، شوگر اور تیل کی کم کھپت، بچوں کی ابتدائی دیکھ بھال، ماہواری کی صفائی اور متوازن غذائیت کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی۔ اس دوران خون عطیہ کرنے کے کیمپ اور رضاکاروں کی رجسٹریشن جیسے اقدامات بھی عمل میں لائے گئے۔یاد رہے کہ یہ مہم 17 ستمبر سے 2 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گی، جس کے دوران مقامی آبادی کو صحت عامہ کے حوالے سے مزید سہولیات اور آگاہی فراہم کی جائے گی۔