عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے منگل کے روز ایک اہم منشیات اسمگلر کو گرفتار کیا جو ایک نارکو ٹیرر کیس میں مطلوب تھا اور گزشتہ تین برسوں سے گرفتاری سے بچ رہا تھا۔ایس آئی اے کی جانب جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم زعفران خان ساکن اوڑی کو کٹھوعہ ضلع سے حراست میں لیا گیا اور اس کی گرفتاری پاکستان میں مقیم ملی ٹینٹ ہینڈلرز کی پشت پناہی والے نارکو ٹیرر ماڈیول کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یہ ماڈیول اوڑی سیکٹر کے راستے منشیات کی اسمگلنگ اور بعد میں وادیٔ کشمیر اور جموں خطے میں ان کی ترسیل و فروخت میں ملوث تھا۔
ان منشیات کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ یہ گرفتاری ایف آئی آر نمبر 13/2022 کے تحت درج کیس سے متعلق ہے، جس میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/21، 29 اور یو اے (پی) ایکٹ کی دفعات 13، 17، 18، 38، 40 شامل ہیں۔ اس کیس میں ایک کلو ہیروئن، سات کلو پوست کا بھوسہ اور چار کلو پوست کے بیج برآمد ہوئے تھے۔ اس معاملے میں ماڈیول کے پانچ اراکین کے خلاف پہلے ہی چارج شیٹ داخل کی جاچکی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہےاس گرفتاری سے ایس آئی اے کو اس کیس کی مزید کڑیاں جوڑنے میں مدد ملے گی۔
مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے ایس آئی اے کشمیر نے وادی بھر میں نارکو ٹیرر نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے، ایک اور بدنام زمانہ دہشت گرد ہینڈلر عبدالرشید بھٹ، جو دو برس سے زیادہ عرصے سے مفرور تھا، کو پلوامہ سے گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے نتائج ایس آئی اے کشمیر کی ملی ٹینسی کے نظام کو ختم کرنے کی انتھک کوششوں کو اجاگر کرتے ہیں۔
کٹھوعہ میں تین برسوں سے مفرور اہم منشیات اسمگلر گرفتار: ایس آئی اے کشمیر
