عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ کے ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا 22 دنوں کی معطلی کے بدھ کی صبح دوبارہ شروع ہوئی۔
یاترا کی بحالی کی خبر پھیلتے ہی ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے یاتریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ماتا کے درشن کے لئے قطاروں میں کھڑے یاتری ‘جے ماتا’ کے فلک شگاف نعرے بلند کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ 26 اگست کو ویشنو دیوی راستے پر موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں مٹی کا تودہ گرنے سے کم از کم 34 یاتری جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ اس سانحے کے بعد یاترا کو یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بند رکھا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ یہ مقدس یاترا بدھ کی صبح بحال ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ یاترا بدھ کی صبح دونوں راستوں سے شروع ہوئی۔
شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے گذشتہ شام ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے یاترا کی بحالی کا اعلان کیا۔
پوسٹ میں کہا گیا: ‘موافق موسمی حالات کی شرط پرویشنو دیوی یاترا 17 ستمبر 2025 (بدھ) سے دوبارہ شروع ہو جائے گی’۔
انہوں نے یاتریوں سے درخواست کی کہ وہ باضابطہ مواصلاتی چینلز کے ذریعے اپ ڈیٹ رہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی صبح ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں آئے ہوئے یاتریوں کو قطاروں میں کھڑے ماتا کے درشن کے لئے بے تاب دیکھا گیا۔
مہارشٹرا سے تعلق رکھنے والے ایک یاتری نے میڈیا کو بتایا: ‘جب سے گھر سے نکلا ہوں تب سے ماتا کے درشن کی آرزو ہے، میری خوش نصیبی یہ ہے کہ کل میں یہاں پہنچا اور آج یاترا کئی روز بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال ہوگئی’۔
انہوں نے کہا: ‘یہ سب ماتا کا ہی آشرواد ہے کہ مھجے ان کا درشن نصیب ہو رہا ہے’۔
ایک اور یاتری نے بتایا: ‘میں تین دنوںء سے یہاں پر ہوں، اب میں نے کل واپسی کا ارادہ کیا تھا کہ شرائن بورڈ نے یاترا بحال ہونے کا اعلان کر دیا جس کے بعد میں رک گیا’۔
انہوں نے کہا: ‘آج مجھے ماتا کا درشن نصیب ہوگا’۔
حکام کا کہنا ہے کہ راستے کو اب محفوظ قرار دینے کے ساتھ نوراتری کے پیش نظر آنے والے دنوں میں یاتریوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔
دریں اثنا یاترا کے احسن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
تین ہفتوں کی عارضی معطلی کے بعد شری ویشنو دیوی یاترا بحال
