عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں-سرینگر قومی شاہراہ کی طویل بندش کے بیچ وادی سے اب تک تقریباً دو ہزار ٹن سیب ریل کے ذریعے بیرونی منڈیوں کو پہنچائے گئے ہیں۔
ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران 1,25,376 سیب کے ڈبے ریل کے ذریعے روانہ کیے گئے ہیں، جن میں زیادہ تر دہلی بھیجے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اننت ناگ ریلوے اسٹیشن سے 87,137 ڈبے روانہ کیے گئے جبکہ بڈگام ریلوے اسٹیشن سے 38,239 ڈبے بھیجے گئے۔
چیف ایریا مینیجر کشمیر، ناردن ریلوے، ساقب یوسف نے بتایا کہ اننت ناگ سے 350 ٹن، 650 ٹن اور 376 ٹن سیب الگ الگ کھیپوں میں لاد کر بھیجے گئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بڈگام سے بھی تقریباً 600 ٹن سیب روانہ کیے گئے ہیں ـ
قابل ذکر ہے کہ بھارت کے کل سیب پیداوار کا 70 فیصد سے زیادہ کشمیر میں پیدا ہوتا ہے، جب کہ پچھلے سال کی پیداوار 20.4 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔
تاہم، یہ صنعت اب بھی سرینگر-جموں قومی شاہراہ پر منحصر ہے، جو اکثر بندش کا شکار رہتی ہے۔
گزشتہ ماہ، بھاری بارشوں اور پسیاں گرنے کے باعث شاہراہ قریب دو ہفتے تک بند رہی، جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کے سیب سے بھرے ٹرک سڑک پر ہی پھنس گئے ـ