عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //ضلع راجوری کی تحصیل نوشہرہ کے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ گاؤں ڈیئنگ کلال میں روایتی دنگل فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس نے نہ صرف مقامی لوگوں کو محظوظ کیا بلکہ جموں و کشمیر کے مختلف حصوں سے کشتی کے شوقین افراد کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا۔یہ سالانہ فیسٹیول مقامی سطح پر کئی دہائیوں سے منایا جا رہا ہے جس کا مقصد دیسی کشتی کو فروغ دینا اور نوجوانوں کے اندر موجود صلاحیتوں کو ابھارنا ہے۔ اس بار بھی مختلف علاقوں سے آئے پہلوانوں نے اپنے جوہر دکھائے اور شاندار دنگل پیش کرتے ہوئے حریفوں کو شکست دینے کی بھرپور کوشش کی۔مقابلے کے دوران ناظرین نے پہلوانوں کی ہمت اور قوت کو سراہا جبکہ نوجوانوں میں کشتی کے حوالے سے جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔ اس موقع پر مقامی معززین نے کہا کہ سرحدی مشکلات اور حالات کے باوجود اس کھیل کو زندہ رکھنا ہماری ثقافت اور روایت کا حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے فیسٹیول نہ صرف تفریح فراہم کرتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔مقامی لوگوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دنگل جیسے پروگرام آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ نوجوان اپنی توانائی مثبت سمت میں لگائیں اور سرحدی علاقوں کی روایتی وراثت زندہ رہے۔یہ فیسٹیول ایک بار پھر اس بات کا ثبوت بن گیا کہ دیئنگ کلال کے لوگ اپنی ثقافتی روایات کو زندہ رکھنے میں پرعزم ہیں اور دیسی کشتی آج بھی نوجوانوں کے دلوں میں زندہ ہے۔