سمت بھارگو
راجوری//راجوری ضلع کے درہال علاقے میں منگل کی صبح ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جب ایک مسافر آٹو رکشہ سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گرا۔ اس حادثے میں ایک خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ آٹھ دیگر افراد شدید طور پر زخمی ہو گئے۔حادثہ درہال کے رکیبان علاقے کے قریب پیش آیا، جب رجسٹریشن نمبر JK11 0487 والا ایک مسافر آٹو رکشہ سڑک سے بے قابو ہو کر نیچے کھائی میں جا گرا۔ یہ گاڑی رکیبان۔درہال روڈ پر چل رہی تھی اور اسے رشید حسین نامی ڈرائیور چلا رہا تھا۔ حادثے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مسافر آٹو مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔حادثے میں ایک خاتون نظیرہ بیگم زوجہ میر محمد سکنہ کھوڑیوالی درہال نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جس سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ ڈرائیور رشید حسین سمیت کئی دیگر مسافر شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔زخمیوں کی شناخت وہیدہ بیگم (25) زوجہ انور حسین سکنہ بدکھنری،محمد رشید (30) ولد محمد صادق سکنہ درہال،محمد انور (24) ولد محمد مشتاق سکنہ بڑی درہال،نصرت بیگم (53) زوجہ بدر حسین سکنہ بڑی درہال،بدر حسین (60) ولد قاضی اللہ سکنہ بڑی درہال،میر محمد (60) ولد نور محمد سکنہ درہال،شاہین اختر (35) زوجہ محمد یوسف سکنہ کھوڑیوالی،محمد سجاد (35) ولد محمد بشیر سکنہ بدکھنری کے طورپر ہوئی ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق آٹو رکشہ میں حد سے زیادہ مسافر سوار تھے، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر حادثے کا شکار ہوئی تاہم اس سلسلے میں پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور ڈرائیور سے بھی تفصیلات لی جا رہی ہیں۔ ادھر حادثے میں جاں بحق خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔