عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پیپلز کانفرنس کے صدر اور رکن اسمبلی سجاد لون نے سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل متاثر رہنے کی وجہ سے میوہ صنعت کو نقصان پہنچنے پر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ‘سینکڑوں کروڑ روپیوں کے سڑے ہوئے سیبوں کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے تاکہ ایک وزیر اعلیٰ بیدار ہوجائے اور کوئی بیان جاری کرے ‘۔ ان کا کہنا ہے کہ سیب کی صنعت کشمیری معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ منگل کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا: ‘سینکڑوں کروڑ روپیوں کے سڑے ہوئے سیبوں کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے تاکہ ایک وزیر اعلیٰ بیدار ہوجائے اور کوئی بیان جاری کرے ‘۔ انہوں نے کہا: ‘اس نقصان کے حوالے سے حکومتی ایوانوں کی طرف سے ظاہر کی جا رہی تشویش محض بناؤٹی ہے ‘۔ وزیر اعلیٰ کے نیشنل ہائی اتھارٹی آف انڈیا کے بارے میں بیان کہ قومی شاہراہ کی دیکھ ریکھ کا انتظام این ایچ اے آئی کے ذمے ہے ،کے بارے میں ان کا کہنا تھا: ‘قومی شاہراہ کا انتظام این ایچ اے آئی کے سپیرد ہے ۔ اور ہمیں یہ مت کہیے کہ مقامی حکومت کے ساتھ کوئی رابطہ کاری نہیں تھی’۔