اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک کی گرفتاری کے بعد ڈوڈہ ضلع میں انتظامیہ نے ایک ہفتہ تک انٹرنیٹ سروس بند کیا تھا تاہم پیر کی شام 2جی کی رفتار سے موبائل انٹرنیٹ سروس کو بحال کیا گیا لیکن اس سے آن لائن سروسز بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی عدم دستیابی سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا میں ہر کام انٹرنیٹ کے ذریعے ہی ہوتا ہے جس میں تعلیمی سرگرمیاں، ای ٹنڈرنگ، نیٹ بنکنگ شامل ہیں۔انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے سرکاری و نجی اداروں کا کام کاج بھی ٹھپ ہے۔جعفر حسین نامی دوکاندار کا کہنا ہے کہ آجکل کے دور میں 10روپے کی چیز بھی نیٹ بنکنگ ہے کے ذریعے ٹرانسفر کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا ایک ہفتہ سے انٹرنیٹ بند ہے اور آج 2جی کی رفتار سے موبائل انٹرنیٹ بحال کی گئی ہے لیکن یہ نا ہونے کے برابر ہے۔محمد تسلیم نامی ایک ٹھیکیدار نے کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ ،دیہی ترقی، پی ایم جی ایس وائی و دیگر محکموں نے کروڑوں کے ٹنڈر نکالے ہیں لیکن ڈوڈہ ضلع میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے ٹھیکیدار طبقہ بھی پریشان ہے۔راجندر سنگھ نامی طالب علم نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں تعلیمی سرگرمیاں بھی انٹرنیٹ بند رہنے سے متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے حکام سے ڈوڈہ ضلع میں مکمل طور پر انٹرنیٹ سروس بحال کرنے و اس کا غلط استعمال کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے۔