عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈائریکٹوریٹ آف ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر نے ’ مشہور کشمیر ہیندی کرافٹس کی برانڈنگ اور پیکیجنگ ‘ کے موضوع پر ایک روزہ صلاحیت سازی پروگرام کامیابی سے منعقد کیا ۔یہ صلاحیت سازی پروگرام ڈائریکٹر ہینڈکرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیرمسرت اسلام کی صدارت میں منعقد ہوا، جو کہ مرکزی حکومت کے ورلڈ بینک معاونت سے ریزنگ اینڈ ایکسلریٹنگ ایم ایس ایم ای پرفارمنس(آر اے ایم پی ) سکیم کے تحت کیا گیا۔اس موقعہ پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ مرزا شاہد علی اور جموں و کشمیر اَنٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ (جے کے اِی ڈی آئی) کے سینئر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔محکمہ ہینڈکرافٹس و ہینڈلوم کشمیر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اِس سیشن کا مقصد کاریگروں اور بْنکروں کو مؤثر پروڈکٹ برانڈنگ اور جدید پیکیجنگ سے متعلق عملی معلومات اور حکمت عملیوں سے روشناس کرنا تھا جو کہ مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں مصنوعات کی رَسائی اور مسابقت کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔