عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون، وی کے بردی نے کل پی سی آر کشمیر میں سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تاکہ کشمیر زون میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ میٹنگ میں تمام رینج ڈی آئی ایس جی، کشمیر زون کے ضلعی ایس ایس پی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔رینج کے ڈی آئی جی اور ایس ایس ایس پی نے آئی جی پی کو اپنے اپنے اضلاع میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ آئی جی پی نے منشیات اور دہشت گردی سے متعلقہ معاملات میں سزا کی شرح کو بہتر بنانے کے لیے تحقیقات کو مضبوط بنانے، مضبوط مقدمات بنانے اور کامیاب مقدمات چلانے کے لیے موثر فالو اپ میکانزم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کوحساس علاقوں میں رات کی گشت کرنے اور ملک دشمن عناصر (ANEs) پر کڑی نگرانی رکھنے کی ہدایت کی۔ بردی نے غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے بازاروں کی جانچ کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔