قابل اعتماد موبائل اور اِنٹرنیٹ سروسز کی فراہمی پر زور
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر بھر میں ٹیلی کام اور ڈیجیٹل مواصلاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں بالخصوص دُور دراز دیہات، بلیک آؤٹ زونوں اور ریلوے ٹنلوں تک خدمات کو توسیع دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔میٹنگ میں وزیر برائے اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ستیش شرما، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، اِنتظامی سیکرٹریوں اور بی ایس این ایل کے اعلیٰ اَفسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں جاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور ان کی تکمیل میں حائل رُکاوٹوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے کنکٹویٹی کو ترقی کا پُل قرار دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط موبائل اور اِنٹرنیٹ خدمات مؤثر حکمرانی، معیاری تعلیم، بہتر صحت سہولیات، سیاحت کے فروغ اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے نہایت ضروری ہیں۔بی ایس این ایل کے حکام نے میٹنگ کو ترمیم شدہ بھارت نیٹ پروجیکٹ (اے بی پی)مرحلہ سوم کی پیش رفت سے آگاہ کیا جس کا مقصد گرام پنچایتوں اور دیہی علاقوں میں تیز رفتار اِنٹرنیٹ فراہم کرناہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ تمام کاموں کے لئے سخت ٹائم لائنز مقرر کی جائیں اور ایسے علاقے جو اَب تک محروم ہیں، اُن کو ترجیحی بنیادوں پر کور کیا جائے۔دورانِ میٹنگ متعدد مسائل کی نشاندہی کی گئی جن کے حل کے لئے حکومت کی مداخلت ضروری ہے ۔ان میں ٹیلی کام ٹاوروں اور دیگر آلات کی تنصیب کے لئے زمین کی فوری الاٹمنٹ اور آپیٹکل فائبر کیبل بچھانے کے لئے آر اینڈ بی، پی ایم جی ایس وائی، بی آر او اور جنگلات جیسے محکموں سے بروقت اِجازت نامے حاصل کرنا شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بی ایس این ایل اور متعلقہ سرکاری محکموں کو ہدایت دی کہ وہ قریبی تال میل سے کام کریں، رُکاوٹوں کو جلد دور کریںاور جموں و کشمیر بھر میں کنکٹویٹی منصوبوں کو بروقت مکمل کریں۔