یو این آئی
نئی دہلی/انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سابق کرکٹر رابن اتھپا اور یوراج سنگھ کے ساتھ ساتھ اداکار سونو سود کو بھی ایک مبینہ غیر قانونی آن لائن بیٹنگ ایپ سے جڑے منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے ۔ حکام نے منگل کو یہ بات کہی۔حکام کے مطابق سابق کرکٹر رابن اتھپا 39، یوراج سنگھ 43اور اداکار سونو سود 52کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے اگلے ہفتے انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے ) کے تحت اپنے بیانات درج کرانے کے لیے طلب کیا ہے ۔ یہ کارروائی مبینہ غیر قانونی بیٹنگ پلیٹ فارم ون ایکس بیٹ سے جڑی ہوئی ہے ۔ اسی معاملے میں آج بالی ووڈ اداکارہ اروشی روتیلا کو بھی پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تھا، لیکن وہ حاضر نہیں ہوئیں۔ ای ڈی نے رواں سال مارچ میں بھی اروشی کو نوٹس بھیجا تھا، مگر اس وقت بھی اداکارہ نے تفتیش میں شامل نہیں ہوئی تھیں۔ رابن اتھپا کو 22 ستمبر اور یوراج کو 23 ستمبر کو دہلی واقع ای ڈی ہیڈکوارٹر میں افسروں کے سامنے پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے ۔ بالی ووڈ اداکار سونو سود کو بھی 24 ستمبر کو پیش ہونے کا سمن بھیجا گیا ہے ۔ ان سب سے منی لانڈرنگ کے زاویے سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔اس کے علاوہ پیر کو اسی معاملے میں سابق ٹی ایم سی رکن پارلیمان اور اداکارہ میمی چکرورتی کا بیان بھی درج کیا گیا ہے ۔ ای ڈی اس کیس میں شکھر دھون، سریش رائنا اور ہر بھجن سنگھ سے پہلے ہی پوچھ گچھ کر چکی ہے ۔ کروڑوں کی دھوکہ دہی اور ٹیکس چوری کی یہ جانچ غیر قانونی بیٹنگ ایپس سے جڑی ہوئی ہے ۔ کمپنی پر الزام ہے کہ اس نے عوام اور سرمایہ کاروں سے کروڑوں روپے کی دھوکہ دہی کی ہے یا بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کی ہے ۔