منشیات روک تھام فورسز کی دوسری قومی کانفرنس سے امیت شاہ کا خطاب
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق بین الاقوامی گروہوں اور مفرور مجرموں پر کڑی کاروائی کے لیے ان کے اخراج اور حوالگی کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔امت شاہ نے منگل کے روز ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی منشیات روک تھام فورسز کے دوسرے قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کو فروغ دینے والے اور غیر ملکی زمین پر سرگرم افراد کو جلد ہی ہندوستانی قانون کے دائرے میں لایا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا، ‘اب وقت آ گیا ہے کہ ان لوگوں کو قانون کے دائرے میں لایا جائے جو بیرون ملک بیٹھ کر ہمارے ملک میں منشیات کا کاروبار چلاتے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ مجرموں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جانی چاہیے ، لیکن ان کے اخراج کے عمل کے حوالے سے زیادہ عملی اور جامع نقطہ نظر اپنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اس کے لیے ایک معیاری آپریشنل طریقہ کار (ایس او پی) تیار کر رہی ہے ۔انہوں نے منشیات کی اسمگلنگ پر حکومت کی سخت کارروائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے سطح پر کام کرنے والے افراد کی گرفتاریوں کے ذریعے ملک میں سرگرم پورے منشیات کے نیٹ ورک کو تباہ کرنے کی سمت میں کام کیا جا رہا ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے بعد اسے تین سطحوں پر لوگوں تک پہنچایا جاتا ہے ۔ ملک میں داخلے کے پوائنٹس پر سرگرم اسمگلر یہ منشیات وصول کرتے ہیں اور مختلف ریاستوں میں تقسیم کرنے کے لیے ذمہ دار سنڈیکیٹ اور مقامی نیٹ ورک تک پہنچاتے ہیں، آخر میں یہ پان کی دوکانوں اور گلی محلے کے ذریعے چھوٹے پیکٹ (پُڑیا) بنا کر فروخت کیے جاتے ہیں۔