عظمیٰ ویب ڈیسک
ریاسی /جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے قصبہ کٹرہ کی ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر کی یاترا منگل کو مسلسل 22 ویں روز بھی معطل رہی۔واضح رہے کہ یاترا پہلے 14 ستمبر سے دوبارہ شروع ہونے والی تھی لیکن خراب موسمی حالات کی وجہ سے اسے دوبارہ معطل کر دیا گیا۔
شرائن بورڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا تھا شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کو اگلے حکم تک ملتوی کر دیا گیا ہے اور یاتریوں سے گذارش ہے کہ وہ آفیشل مواصلاتی چنلوں کے ذریعے باخبر رہیں۔واضح رہے کہ 26 اگست کو ویشنو دیوی راستے پر موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 34 یاتری ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے۔ اسی سانحے کے بعد سے یاترا بند ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، نے اس سانحے کی وجوہات جاننے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
اس کمیٹی کی سربراہی محکمہ جل شکتی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری شالین کابرا کر رہے ہیں جبکہ ممبران میں صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار اور انسپکٹر جنرل آف پولیس بی ایس توتی شامل ہیں۔ کمیٹی اپنی جامع رپورٹ جلد ایل جی کو پیش کرے گی۔یاترا کی معطلی سے عقیدت مندوں میں مایوسی چھا گئی ہے۔ کٹرا بیس کیمپ پر موجود کئی یاتریوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ جلد از جلد صورتحال کو معمول پر لاکر یاترا بحال کی جائے، تاکہ وہ اپنے مذہبی فریضے کی ادائیگی کر سکیں۔
شری ماتا ویشنو دیوی یاترا مسلسل 22 ویں روز بھی معطل
