عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کھانے پینے کے غیر محفوظ طریقوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں بڈگام ضلع انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں بشمول پولیس کے ارکان کے ساتھ خصوصی فلائنگ اسکواڈ تشکیل دیے ہیں تاکہ غیر محفوظ کھانے پینے کی اشیاء کی نقل و حمل اور فروخت پر نظر رکھی جا سکے۔ مہم کے ایک حصے کے طور پرپولیس نے کھانے کی اشیاء کی نقل و حرکت کو سختی سے چیک کرنے کے لیے ضلع کے مرکزی داخلی مقام پر ایک ناکا قائم کیا۔معائنہ کے دوران، فلائنگ سکواڈ نے ضلع میں دو الگ الگ مقامات سے سڑا ہوا گوشت ضبط کیا۔ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ایف آئی آر نمبر 255/2025 پولیس اسٹیشن بڈگام میں وازوان پوائنٹ ریسٹورنٹ کے خلاف درج کی گئی ہے، جبکہ ایف آئی آر نمبر 143/2025 پولیس اسٹیشن ماگام میں بگ باس ریسٹورنٹ، ماگام کے خلاف سڑے ہوئے گوشت سے تیار کردہ غیر صحت بخش وازوان اشیاء فروخت کرنے پر درج کی گئی ہے۔پولیس نے کہا کہ “مارکیٹ کی جانچ اور سخت نگرانی پورے ضلع میں جاری رہے گی، اور کسی بھی فرد یا ادارے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی جو بوسیدہ، غیر معیاری یا غیر صحت بخش کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرتا ہے”۔