عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (BGSBU) میں انجینئرز ڈے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، تاکہ عظیم انجینئر اور بھارت رتن ایوارڈ یافتہ سر ایم۔ وشویشوریا کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جا سکے۔اس موقع پر شعبہ سول انجینئرنگ کی جانب سے مختلف پروگرام منعقد کئے گئے جن میں انٹرایکٹو سیشنز، لیکچرز اور مباحثے شامل تھے۔ ان پروگراموں میں انجینئروں کے قومی تعمیر و ترقی اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں نمایاں کردار کو اجاگر کیا گیا۔یونیورسٹی کے رجسٹرار ابھیشیک شرما نے بھی تقریب میں شرکت کی اور ساتویں سمسٹر کے سول انجینئرنگ طلبہ کو ایک خصوصی لیکچر دیا۔ انہوں نے انجینئرنگ کے شعبے میں پیشہ ورانہ اخلاقیات، جدت پسندی اور جدید طرز عمل اپنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ موجودہ دور کے چیلنجوں کا بہتر حل تلاش کیا جا سکے۔رجسٹرار نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ انجینئرنگ کے پیشے کی اصل روح یعنی محنت، تخلیقی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت کو اپنائیں اور پائیدار ترقی کے ذریعے معاشرے کی تعمیر میں فعال کردار ادا کریں۔فیکلٹی ممبران نے رجسٹرار کی طلباء سے گفتگو کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات طلبہ کو نہ صرف علمی اعتبار سے بلکہ پیشہ ورانہ میدان میں بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب دیتے ہیں۔تقریب کا اختتام شعبہ سول انجینئرنگ کے سربراہ انجینئر وسیم احمد کے شکریہ کے کلمات پر ہوا، جنہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی سماجی طور پر ذمہ دار اور ماہر انجینئروں کی تیاری کے لئے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔