عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے پریشا ادارے کا دورہ کیا اور وہاں طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کی نصیحت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ طلباء کی امنگوں کو پورا کرنے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنے مقاصد حاصل کر سکیں۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ادارے میں دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ بچوں کے لئے ایک مثبت اور معاون ماحول فراہم کرنا نہایت ضروری ہے تاکہ ان کی ہمہ جہت نشوونما یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ ادارے کے باقاعدہ دورے کریں اور بچوں کے لئے کاؤنسلنگ و رہنمائی سیشنز کا اہتمام کیا جائے۔ ان کے مطابق اس طرح کے اقدامات نہ صرف طلباء کا اعتماد بڑھاتے ہیں بلکہ انہیں اپنے مقاصد کے حصول کے لئے مزید پْرعزم بھی بناتے ہیں۔موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ایک طالب علم کی سالگرہ بچوں کے ساتھ منائی، جس سے طلباء میں خوشی اور حوصلہ افزائی کی فضا پیدا ہوئی۔ اس کے علاوہ ایک سننے سے محروم بچی کو ضلع ریڈ کراس اکاؤنٹ سے 10 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکے۔