عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پیٹرول کی قلت اور قومی شاہراہ کی مسلسل بندش پر عوامی تشویش کے درمیان، ڈویڑنل کمشنر کشمیر انشول گرگ نے پیر کو کہا کہ وادی میں رسوئل گیس (ایل پی جی) اور ڈیزل کا ذخیرہ کافی ہے۔تاہم انہوںنے تسلیم کیاکہ پیٹرول کی قلت ہے، لیکن امیدظاہرکی ہے کہ اسے2 دن کے انددورکیا جائے گا۔ ڈویڑنل کمشنر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرمیں ڈیزل اور ایل پی جی کا کافی سٹاک ہے، اور پٹرول کی قلت2 دنوں میں ختم ہونے کی امید ہے۔انہوںنے کہاکہ سرینگرجموں قومی شاہراہ پر بحالی کا کام جاری ہے لیکن بڑے پیمانے پر ٹریفک جام رہتا ہے۔صوبائی کمشنر نے تصدیق کی کہ کوششیں گاڑیوں کی نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے لیے قومی شاہراہ کی مرمت پر مرکوز ہیں۔ انشول گرگ نے کہا کہ قومی شاہراہ کی بحالی کا کام دن رات جاری ہے اور حکام کو اُمید ہے کہ یہ اگلے2دنوں میں مکمل طور پر بحال ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مغل روڈ کو کھلا رکھا گیا ہے تاکہ وادی میں اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈویڑنل کمشنر نے عوام سے پرسکون رہنے اور پٹرول پمپوں پر جانے سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ڈیزل اور ایل پی جی کافی ہیں، دو دنوں میں پیٹرول کی سپلائی معمول پر آنے کی امید ہے۔