ہزاروں کسانوں کیلئے راحت، مقامی معیشت کیلئے فروغ کا ذریعہ :ایل جی
سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بڈگام سے آدرش نگر نئی دہلی کے لئے پہلی وقف شدہ پارسل ٹرین کوہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اُنہوں نے وادی کے سیب کاشت کاروں او رتاجروں کے لئے تجارت اور کاروبار کے ایک نئے دور کی شروعات کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندرمودی کا شکریہ اَدا کیا۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا،’’یہ سروس ٹرانزٹ ٹائم کو کافی حد تک کم کرے گی، ہزاروں کسانوں کیلئے آمدنی کے مواقع میں اِضافہ کرے گی اور خطے کی زرعی معیشت کو فروغ دے گی۔‘‘اُنہوںنے بھارتی ریلوے کو بڈگام سے نئی دہلی کے درمیان وقف مال بردار ریل سروس شروع کرنے پر مُبارک باد دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا،’’یہ نئی سروس سیب کاشت کاروں کے لئے اَپنی پیداوار کو ملک کے مختلف حصوں تک پہنچانے کے لئے ایک بڑا قدم ہے۔ اِس سے مارکیٹ تک رَسائی مضبوط ہوگی اور کسانوں کی زِندگی اور معاش میں بہتری آئے گی۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پرآواجاہی میں رُکاوٹیں، ٹپوگرافی اور شدید بارشوں کی وجہ سے پھلوں کے کاشت کاروں کو نقصان ہوتا ہے۔آج سے شروع ہونے والی یہ مال بردارٹرین سروس ہر روز سیب اور دیگر جلدخراب ہونے والی اشیاء کی ٹرانسپورٹیشن کرے گی۔پارسل ٹرین سروس (جوائنٹ پارسل پروڈکٹ۔ریپڈ کارگو سروس) روزانہ چلے گی اور تمام قسم کے پارسل سامان کے لئے موزوں ہے۔ آٹھ پارسل وین کوچوں پر مشتمل اس ٹرین کی مجموعی وزن اُٹھانے کی صلاحیت تقریباً 180 ٹن (ہر کوچ میں 23 ٹن) ہے۔ مکمل پارسل وینوں کی بکنگ آن لائن موڈ میںدستیاب ہے جبکہ چھوٹے سامان کی بکنگ آف لائن کی جا سکتی ہے۔ یہ مال بردار ٹرین بڈگام سے صبح 15:06پر روانہ ہوگی، جموں کے بڑی براہمنا سٹیشن پر سہ پہر 3 بجے سے شام 30:4 بجے تک رُکے گی اور اگلے دن صبح 30:5 بجے آدرش نگر نئی دہلی پہنچے گی۔