عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کل اِنسٹی چیوشن آف اِنجینئر(اِنڈیا)، جموں و کشمیر سٹیٹ سینٹر (آئی اِی آئی جے کے ایس سی) سری نگر میں منعقدہ 58ویں یومِ انجینئرز کی تقریبات میں شرکت کی۔اُنہوں نے بھارت رتن سر ایم ویشورایا کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور قوم کی تعمیر میں انجینئروں کے کلیدی کردار کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہا، ’’چاہے حکومت کامیاب ہو یا نہ ہو، اس میں اِنجینئروں کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ ہم میٹنگوں اور سیشنوں میں نئے آئیڈیاز تو دے سکتے ہیں لیکن آپ کے بغیر انہیں عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکتا۔‘‘اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ نے آئی اِی آئی ایس سی جے کے کی پالیسی بریف اور نیوز لیٹر بھی جاری کیا۔ اس دوتران دہلی پبلک سکول سرینگر کے زیر اہتمام منعقدہ ٹیکنو 2025 کے اختتامی دن خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کو وہی سہولیات اور مواقع فراہم کئے جائیں جو نجی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کو حاصل ہیں ۔ چئیر مین ڈی پی ایس سرینگر وجے دھر ، پرنسپل شفق افشاں ، وائس پرنسپل ڈی پی ایس سرینگر ، طلباء اور عملہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے اپنے اسکول کے دنوں سے تعلیم میں نمایاں تبدیلی آئی ہے ۔ البانیہ کی مثال دیتے ہوئے ، جہاں ایک مصنوعی ذہانت ( اے آئی ) کو وزیر کے طور پر تعینات کیا گیا ۔انہوں نے زور دیا کہ تعلیم کو اس بدلتے ہوئے ماحول کے مطابق ڈھالنا ہو گا ۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ کچھ اسکولوں نے تیزی سے ترقی کی ہے ، لیکن انہوں نے زور دیا کہ دیگر اسکول اب بھی پیچھے ہیں اور انہیں فوری توجہ کی ضرورت ہے ۔ عمر عبداللہ نے ٹیکنو 2025 میں حصہ لینے والے اسکولوں کو اعزازات دئیے ۔