یو این آئی
دبئی/ہندوستان کے تیز گیند باز محمد سراج کو انگلینڈ کے خلاف پانچویں ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی پر اگست کے مہینے کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا گیا ہے ۔ خواتین کے زمرے میں آئرلینڈ کی ٹاپ آل راؤنڈر اورلا پرینڈرگسٹ نے یہ اعزاز حاصل کیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آج اگست کے مہینے کے بہترین کھلاڑی کا اعلان کر دیا۔ سراج نے نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری اور ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز جیڈن سیلز کو پیچھے چحوڑ کر ‘آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز حاصل کیا۔ سراج کی شاندار کارکردگی نے ہندوستان کو اوول ٹیسٹ میچ چھ رنز سے جیتنے میں مدد دی۔ سراج نے اس میچ میں مجموعی نو وکٹیں حاصل کیں۔ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد سراج نے کہا آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے طور پر منتخب ہونا میرے لیے خاص اعزاز کی بات ہے ۔ اینڈرسن تندولکر ٹرافی ایک یادگار سیریز تھی اور یہ میرے کھیلے گئے اب تک کے سب سے دلچسپ میچوں میں سے ایک تھا۔ مجھے فخر ہے کہ میں کچھ اہم اسپیلز کے ساتھ اپنا حصہ ڈال سکا، خاص طور پر فیصلہ کن لمحات میں، ان کے بلے بازوں نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا یہ ایوارڈ اتنا ہی میرا ہے جتنا کہ میرے ساتھی اور معاون عملے کا ہے ، کیونکہ ان کی مسلسل حوصلہ افزائی اور یقین نے مجھے آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ میں جب بھی ہندوستانی جرسی پہنوں گا، میں سخت محنت کرتا رہوں گا اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ خواتین کے زمرے میں آئرلینڈ کی ٹاپ آل راؤنڈر اورلا پرینڈرگسٹ کو اگست کے لیے آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ منتخب کیا گیا ہے ۔ 23 سالہ پرینڈرگسٹ نے ہالینڈ کی آل راؤنڈر ایرس زوولنگ اور پاکستان کی وکٹ کیپر منیبہ علی کو سخت مقابلہ دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ اگست میں پاکستان کے خلاف بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حاوی رہنے والے پرینڈرگیسٹ نے یہ اعزاز حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “میں یہ اعزاز حاصل کرنے پر بہت خوش ہوں اور میں آئی سی سی اور ہر اس شخص کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے مجھے ووٹ دیا۔ میں اپنی ٹیم کی ساتھیوں اور معاون عملے کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے موسم گرما میں سخت محنت کی اور کچھ اہم سیریز جیتیں۔