عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ ایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت گرفتار کرنے کی کوئی وجہ نہیں تھی اور زور دیا کہ اس معاملے کو اس اقدام کے بغیر ہی حل کیا جانا چاہیے تھا۔
سرینگر میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عمر نے کہا، ایم ایل اے کے خلاف پی ایس اے نافذ کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔ میری رائے میں انہیں اپنی غلطی تسلیم کرنی چاہیے تھی اور معاملے کو حل کرنا چاہیے تھا۔ عمر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا پولیس اپنی تحقیقات جاری رکھ سکتی ہے اور اگر کچھ غلط ثابت ہوا تو جوابدہی ہوگی، لیکن اس مرحلے پر پی ایس اے کے تحت انہیں بک کرنا درست نہیں ہے۔
وقف کے مسئلے اور سپریم کورٹ کے حالیہ حکم پر بات کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ نئے قانون کے تحت صرف ایک ہی برادری کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ ایک مذہب کی جائیدادوں کو اس بل کے تحت نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ میں سپریم کورٹ کی اس معاملے پر سوجھ بوجھ کا خیر مقدم کرتا ہوں۔