عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/سپریم کورٹ نے پیر کے روز وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 پر مکمل طور پر روک لگانے سے انکار کر دیا لیکن کہا کہ اس کی کچھ التزامات پر حتمی فیصلہ آنے تک روک رہے گی چیف جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس آگسٹائن جارج مسیح کی بنچ نے متعلقہ قانون میں ترمیم کے جواز کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر عبوری حکم جاری کیا 22 مئی کو بنچ نے اس قانون کی مختلف التزامات پر روک لگانے کی درخواستوں پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
عدالت عظمیٰ نے وقف ترمیمی ایکٹ 2025 کے کچھ التزامات کے نفاذ پر روک لگاتے ہوئے وقف کے لیے جائیداد وقف کرنے کے واسطے 5 سال تک عملی طور پر مسلمان پونے کی شرط پر روک لگا دی۔عدالت عظمیٰ نے کہا کہ کسی شخص کا وقف کے طور پر جائیداد وقف کرنے سے پہلے پانچ سال تک عملی طور مسلمان ہونا ضروری نہیں ہے۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کے کسی ضابطے / طریقہ کار کے بغیر، یہ التزام من مانے طور پر طاقت کا استعمال کرے گا۔
عدالت نے کہا کہ کلکٹر کو شہریوں کے ذاتی حقوق کا فیصلہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اس سے اختیارات کی علیحدگی کی خلاف ورزی ہوگی۔وقف اداروں میں غیر مسلموں کو شامل کرنے کے معاملے میں، بنچ نے کہا کہ فی الحال ریاستی وقف بورڈ میں تین سے زیادہ غیر مسلم اراکین کو شامل نہیں کیا جانا چاہیے اور مرکزی وقف بورڈ میں مجموعی طور پر چار سے زیادہ غیر مسلم اراکین کو شامل نہیں کیا جائے گا۔
عدالت عظمیٰ میں 25 اپریل کو سماعت کے دوران، اقلیتی امور کی مرکزی وزارت نے ترمیم شدہ وقف ایکٹ 2025 کا دفاع کرتے ہوئے ایک ابتدائی حلف نامہ داخل کیا تھا۔ مرکز نے پارلیمنٹ کے ذریعہ منظور کردہ آئینی حیثیت کے حامل کسی بھی قانون پر عدالت کی طرف سے مکمل پابندی کی مخالفت کی تھی۔
عدالت نے تین دن تک دلائل سنے، جس میں مرکز نے دلیل دی کہ پارلیمنٹ کے ذریعہ وضع کردہ قانون کی کارروائی کو روکنے کے لئے محض قانونی تجاویز یا فرضی دلائل کافی نہیں ہیں۔مرکز کی جانب سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے دعویٰ کیا تھا کہ وقف انتظامیہ نے یادگاروں کا غلط استعمال کیا، دکانوں کے لیے جگہیں بنائیں اور غیر مجاز تبدیلیاں کیں۔مرکزی حکومت نے قبل ازیں یقین دہانی کرائی تھی کہ کسی بھی وقف املاک (بشمول صارف کی قائم کردہ جائیدادوں) کو ڈی نوٹیفائی نہیں کیا جائے گا۔ اس نے یہ بھی کہا تھا کہ 2025 ایکٹ کے تحت کسی بھی غیر مسلم کو سنٹرل وقف کونسل یا ریاستی وقف بورڈ میں تعینات نہیں کیا جائے گا۔ایکٹ کے خلاف سپریم کورٹ میں 100 سے زیادہ درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔
سپریم کورٹ نے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 پر روک لگانے سے کیا انکار
