عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/میر واعظ کشمیر میر واعظ عمر فاروق نے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر رہنے سے میوہ صنعت سے وابستہ لوگوں کو در پیش مشکلات پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ٹرکوں کے بغیر رکاوٹ کے گزرنے کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں تاکہ میوہ صنعت سے وابستہ لوگوں کو مزید نقصان نہ اٹھانا پڑے اور ان کی ذہنی اذیت کو روکا جاسکے۔
میر واعظ نے پیر کوایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہااحتجاج کرنے والے میوہ کاشتکاروں اور باغ مالکوں کی حالت زار سے گہرا دکھ ہوا، یہ کشمیر کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ہزاروں خاندانوں کی روزی روٹی کا وسیلہ ہے، پھلوں سے لدے ٹرک شاہراہ پر گزرنے کا حق نہ ہونے کے باعث کئی دنوں سے سڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ان کی حالت زار پر حکومت کی بے حسی، ان کی سالہا سال کی محنت کو بربادی کی طرف دھکیلنا، شرمناک ہے۔میر واعظ نے حکام سے قومی شاہراہ پر میوہ سے لدی ٹرکوں کو ترجیحی بنیادوں پر چلنے کی اجازت دینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا حکام سے درخواست ہے کہ وہ فوری طور پر ٹرکوں کے بغیر رکاوٹ کے گزرنے کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں تاکہ میوہ صنعت سے وابستہ لوگوں کو مزید نقصان نہ اٹھانا پڑے اور ان کی ذہنی اذیت کو روکا جا سکے۔میرواعظ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے کہ جب میوہ سے لدی ٹرک قومی شاہراہ پر پھنسی ہوئی ہیں۔
قومی شاہراہ پر میوہ سے لدی ٹرکوں کو ترجیحی بنیادوں پر چلنے کی اجازت دی جائے: میر واعظ عمر فاروق
