عظمیٰ ویب ڈیسک
اودھم پور/سماجی جرائم کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے ضلع اودھم پور میں چوری کے دو کیسوں کو حل کرکے دو ملزموں کو گرفتار کرکے مال مسروقہ بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن اودھم پور کو 11 ستمبر کو الوک راج ولد چرن داس ساکن موڈ اودھم پور کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ اس کا موٹر سائیکل زیر نمبر JK14J – 5199 جس کو جکھانی چوک میں 4 ستمبر کو پارک کیا گیا تھا چوری ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر326/ 2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اسی روز میمہ بیگم زوجہ طارق حسین ساکن وراڈ نمبر 5 بھارت نگر اودھم پور کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ یکم ستمبر کو گھر کو تالا لگا کر اپنے رشتہ داروں کے پاس گئی تھی لیکن دوسرے دن واپس لوٹنے پر تالا توڑا گیا تھا اور موبائل فون اور نقدی 20 ہزار روپیے چوری ہوئے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 327/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران پولیس اسٹیشن اودھم پور کی ایک ٹیم نے دو افراد کو دھر لیا۔ملزموں کی شناخت بادل کمار ولد دلیپ کمار ساکن پنجار پنچھاری اودھم پور اور کلدیپ چند عرف میرا ولد سندور چند ساکن گنڈالا اودھم پور کے طور پر کی گئی۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ ان کی تحویل سے چوری شدہ موٹر سائیکل گنڈالا سے بر آمد کیا گیا اور مزید تحقیقات کے دوران چوری شدہ 4 موبائل فون اور 11 ہزار 5 سو روپیے بر آمد کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اودھم پور میں چوری کے دو کیس حل، نقدی اور مال مسروقہ بر آمد: پولیس
