عاصف بٹ
کشتواڑ//فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے ہفتے کو کشتواڑ خطے میں سکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد ملی ٹینسی کارروائیوں کا جامع جائزہ لیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فوج ملی ٹینسی کے خلاف اپنی مہم کو پوری شدت کے ساتھ جاری رکھے گی۔فوجی کمانڈر نے افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ ایک مربوط حکمت عملی اپنائیں تاکہ خطے میں امن قائم رکھنے کے ساتھ ساتھ ملی ٹینسی کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میںملی ٹینٹوںکی موجودگی ایک چیلنج ضرور ہے لیکن فوج اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عوامی تعاون کے ذریعے ان عناصر کو ناکام بنانے میں کامیاب ہو رہی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل پراتیک شرما نے حالیہ دنوں میں کشتواڑ اور گردونواح میں جاری کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ ان آپریشنز کے دوران فوج نے کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن سے خطے میں امن و سکون قائم رکھنے میں مدد ملی ہے۔ اس موقع پر جنرل شرما نے حالیہ سیلابی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران فوج نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے تیزی سے امدادی کارروائیاں انجام دیں، رابطہ سڑکیں بحال کیں اور متاثرہ شہریوں کو بروقت ضروری سامان اور طبی امداد فراہم کی۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ فوج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے بلکہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں بھی عوام کے ساتھ کھڑی ہے،یہی اعتماد اور رشتہ ہمارے لئے سب سے بڑی طاقت ہے۔