عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //نیشنل کانفرنس کے کارکنان نے ہفتہ کو راجوری میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں مقامی نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔ یہ مظاہرہ ڈوڈہ ایسٹ کے ایم ایل اے مہراج ملک کو پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لینے کے خلاف منعقد کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت این سی رہنما شفقت میر نے کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے زبردست نعرے بازی کی اور کہا کہ ایک منتخب عوامی نمائندے کو اس طرح حراست میں لینا جمہوری اقدار پر حملہ ہے اور عوامی آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ حکومت نے پی ایس اے کا استعمال کر کے عوامی رائے کو کچلنے کی سازش رچی ہے تاکہ خطے میں اختلافی آوازوں کو خاموش کیا جا سکے۔ ان کے مطابق یہ اقدام صرف منتخب نمائندوں کو خوفزدہ کرنے اور جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔شرکا نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مہراج ملک کی حراست کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے کو جیل میں رکھنا عوامی جذبات کے ساتھ کھلواڑ ہے۔احتجاج پرامن طور پر اختتام پذیر ہوا تاہم مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کا مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو تحریک مزید تیز کی جائے گی اور بڑے پیمانے پر احتجاج شروع کیا جائے گا۔