عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے سابق پرنسپل اور ڈین اور ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کے شعبہ سرجری کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سید عاشق حسین نقشبندی سنیچر کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ صبح 11 بجے نقشبند صاحب آستان عالیہ کے قبرستان میں ادا کی گئی۔ انکی نماز جنازہ میں مختلف شعبوں سے وابستہ لوگوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔پروفیسر نقشبندی کو جموں و کشمیر میں طبی تعلیم اور سرجری میں ان کی ممتاز خدمات اور شراکت کے لئے طبی برادری میں بڑے پیمانے پر احترام کیا جاتا تھا۔ ڈاکٹر عاشق حسین ، کینسر مریضوں کیلئے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری رضا کار تنظیم کینسر سٹیڈی آف کشمیر کے صدر بھی تھے۔ڈاکٹر بخاری،کمشنر و سیکریٹری ہیلتھ سید عبدالرشید شاہ کے ماموں تھے۔پروفیسر عاشق حسین نقشبندی نے ایم بی بی ایس اور ایم ایس کیا۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج، سرینگر سے(جنرل سرجری) اور پھر سی ایم سی ویلور سے کارڈیو ویسکولر تھراسک سرجری (CVTS) میں سپر اسپیشلائزیشن (MCh) مکمل کیا۔ وہ جموں و کشمیر کے پہلے چند CVTS سرجنوں میں شامل تھے۔ پروفیسر(ڈاکٹر)عاشق حسین نقشبندی نے 1981 میں گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر میں فیکلٹی ممبر کے طور پر شمولیت اختیار کی اور شعبہ سرجری کے سربراہ بن گئے۔ فروری 2005 میں انہیں پرنسپل/ڈین، جی ایم سی کے طور پر تعینات کیا گیا۔ اور وہ مئی 2006 تک اس عہدے پر فائز رہے۔