زاہد بشیر
گول//حالیہ شدید بارشوں کے دوران سب ڈویژن گول میں رہائشی مکانات ،سڑکیں ، پانی کی سپلائی ، بجلی نظام کو بھاری نقصان پہنچا ہے ۔ ان باتوں کا اظہارایس ڈی ایم گول امتیاز احمد نے ذرائع ابلاغ کے سا تھ گفتگوکے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک رہائشی مکانات کے نقصان سے متعلق جو فائلیں ہمارے پاس پہنچی ہیں اور ہم نے اوپر بھیج دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں بھی نقصان ہوا ہے اور ابھی کئی جگہوں پر اراضی دھنسنے کا سلسلہ جاری ہے اور ان میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور فی الحا ل ہم نے قریباً تمام سڑکوں کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بحال کر دیا ہے اور جو سڑکوں کو دیگر نقصان ہوا ہے اس میں وقت درکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی سپلائی لائنوں کے ساتھ ساتھ بجلی نظام کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے اور اس وقت تمام سب ڈویژن گول میں پانی کی سپلائی کے ساتھ ساتھ بجلی سپلائی کو بھی معمول کی طرح بحال کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گول کے موئلہ علاقہ میں زیادہ رہائشی مکانوں کو دراڑیں پڑی ہیں اور جو لوگ وہاں رہائش پذیر تھے ان کو نکال کر ڈگری کالج گول میں منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی ہر ضروریات کو دیکھا جا رہا ہے اور انہیں کسی بھی مشکلات کو دور کرنے کے لئے انتظامیہ پیش پیش ہے ۔