جاوید اقبال
مینڈھر // اپنی پارٹی کے ترجمان رقیق احمد خان نے پنچایت گراسی موہرا وارڈ نمبر 1 سمیت دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں حالیہ زمین دھنسنے کے واقعات نے کئی گھروں کو متاثر کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔دورے کے دوران یہ منظر عام پر آیا کہ دو رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ کئی دوسرے مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ اس صورتحال نے مقامی آبادی کو شدید ذہنی و معاشی دباؤ میں ڈال دیا ہے اور لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔رقیق احمد خان نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور قبائلی وزیر جاوید رینہ پر کڑی نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے متاثرین کی مشکلات کو نظرانداز کیا ہے اور ان کی خاموشی اس بات کی عکاس ہے کہ حکومت قبائلی اور دیہی آبادیوں کے مسائل کے تئیں غیر سنجیدہ ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر کوئی اقدام نہ اٹھایا تو اپنی پارٹی عوام کی آواز مزید بلند کرے گی اور متاثرین کے حق میں بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔خان نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ذاتی طور پر مداخلت کرنے، متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے اور طویل مدتی بازآبادکاری کے اقدامات شروع کرنے کی اپیل کی تاکہ کوئی بھی متاثرہ خاندان اس مصیبت میں بے یار و مددگار نہ رہے۔