عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری میں پی ایم جی ایس وائی کے تحت تعمیر کی گئی ایک نہایت اہم سڑک اچانک دھنسنے کے بعد ناقابلِ استعمال ہو گئی، جس کے نتیجے میںدسہل سیراں گائوں کا راجوری ٹاؤن سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق سڑک کا ایک بڑا حصہ نیچے کی طرف بیٹھ گیا جس کے بعد گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بند ہو گئی۔ اس اچانک پیش آنے والے واقعے نے مقامی آبادی کو مشکلات میں ڈال دیا ہے اور سیکڑوں افراد محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ اس وقت راجوری قصبہ تک جانے کے لئے کوئی متبادل راستہ موجود نہیں ہے، جس کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ خاص طور پر طلباء ، مریض اور ملازمین کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ مریضوں کو علاج کے لئے بروقت ہسپتال پہنچانا اب ممکن نہیں رہا اور طلباء بھی تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔مقامی باشندوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمے سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑک کی مرمت اور بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے اور نقل و حمل بحال ہو سکے۔ اْن کا کہنا ہے کہ اگر اس سلسلے میں تاخیر کی گئی تو اس کا براہِ راست اثر مقامی لوگوں کی زندگی اور روزگار پر پڑے گا۔دیہاتیوں نے سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ لمبے عرصے تک کارروائی نہ ہونے کی صورت میں نہ صرف عوامی مسائل بڑھیں گے بلکہ ضروری سہولیات تک رسائی بھی ناممکن ہو جائے گی۔دریں اثنا، پی ایم جی ایس وائی راجوری ڈویژن کے انجینئروں نے بتایا ہے کہ متاثرہ حصے کا معائنہ کیا جا چکا ہے اور بحالی کے کام کو جلد از جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ راستے کو بحال کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔