یواین آئی
لکھنؤ// وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر سیاحت کے محکمہ کی جانب سے 19 اکتوبر کو دیپوتسو میں گرین فائر ورکس شو کا انعقاد کیا جائے گا۔ اتر پردیش حکومت دیپوتسو-25 کو شاندار بنانے کی تیاریاں زور و شور سے کر رہی ہے۔ دیپوتسو میں سیاحوں کو موسیقی اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ایک منفرد رقص بھی دیکھنے اور سننے کو ملے گا۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر سیاحت محکمہ کی جانب سے دیپوتسو-25 کے موقع پر سریو ندی کے گھاٹوں اور رام کی پیڑی پر 26 لاکھ سے زائد دیے جلائے جائیں گے۔بھکتی سے بھرپور پیشکش کے درمیان اس بار گرین فائر ورکس شو خاص کشش کا مرکز ہو گا، جو عقیدت اور نئے انداز کو ملا کر ایک آلودگی سے پاک، رنگ برنگی روشنی سے جگمگائے گا۔تقریباً 10 منٹ تک جاری رہنے والا یہ شو موسیقی، لیزر ایفیکٹس اور جدید رقص سے سجا ہوگا۔ کئی میٹر اونچائی تک اٹھنے والی آتش بازی سریو کے پانی پر حیرت انگیز عکس ڈالے گی اور وہاں موجود تمام ناظرین کو مسحور کر دے گی۔سیاحت و ثقافت کے وزیر جے ویر سنگھ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی خواہش کے مطابق دیپوتسو-25 کو روحانی اور شاندار بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔اس بار 26 لاکھ سے زیادہ دیے اور بین الاقوامی معیار کی آلودگی سے پاک آتش بازی کے ذریعے ہم ایودھیا کی ثقافتی شان و شوکت کو پیش کریں گے، جو ہر عقیدت مند کو ناقابلِ فراموش تجربہ فراہم کرے گا۔