عظمیٰ ویب ڈیسک
کوچی/ جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے ایم ایل اے تنویر صادق نے ہفتے کے روز کہا کہ پہلگام حملے کے باعث جموں و کشمیر کی سیاحتی صنعت بیٹھ گئی، جس سے کروڑوں روپے کے محصولات کا نقصان ہوا۔
یہاں اربن کنکلیو کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےتنویر صادق نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے کے بعد سینکڑوں ہوٹل اور شکارا بکنگس منسوخ ہوگئیں، جس سے سیاحت کو بھاری نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا، دہشت گردانہ حملے کے بعد ہر بکنگ منسوخ ہوگئی کیونکہ سیاح اپنے سفر کو آگے بڑھانے سے خوفزدہ تھےیہی وجہ ہے کہ ہماری سیاحت پوری طرح مفلوج ہوگئی تھی۔
تاہم، صادق نے دعویٰ کیا کہ اب صنعت بحال ہو چکی ہے اور سیاحتی آمد و رفت معمول پر آ گئی ہے۔
انہوں نے کہا، اس ملک کے عوام کا شکریہ، ہم دوبارہ پٹری پر آ گئے ہیں اور اب مزید سیاح جموں و کشمیر کا رخ کر رہے ہیں۔
صادق نے مزید کہا کہ سیب کے کاشتکار بھی سیاسی غیر یقینی صورتحال اور دہشت گردی کے سبب بری طرح متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا یہ عام بات ہے کہ جب کسی یو ٹی میں استحکام نہ ہو تو سبھی کو نقصان ہوتا ہے۔ سرینگر اور جموں و کشمیر کے دیگر حصوں کے درمیان رابطے میں بڑی مشکلات تھیں اور کسان اپنی پیداوار کو منتقل نہیں کر سکے۔
ایم ایل اے نے کہا کہ مال برداری کے لیے متعارف کرائی گئی ٹرین نے اس شعبے کو آہستہ آہستہ بحال کرنے میں مدد دی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا، ہم چاہتے ہیں کہ اس ٹرین کی فریکوئنسی بڑھائی جائے۔
تنویر صادق نے کیرلہ حکومت کو اربن کنکلیو منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ جموں و کشمیر کو اس جنوبی ریاست سے سیاحت اور منصوبہ بند ترقی دونوں پہلوؤں پر بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہایہ کنکلیو ایک شاندار اقدام ہے اور ہم بھی اس طرح کی پالیسی جموں و کشمیر میں اپنانے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔ ہمیں سخت موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے بھی منصوبہ بندی کرنی ہوگی جو ہماری ریاست میں بھاری نقصان پہنچاتے ہیں۔
پہلگام حملے نے جموں و کشمیر کی سیاحت کو مفلوج کردیا: تنویر صادق
