عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/معاشرے سے منشیات کی بیخ کے لئے جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن سوپور کی ایک پارٹی نے بابا موٹرز کے نزدیک بسم اللہ کالونی میں ناکے کے دوران دو افراد کو دھر لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے سپاسمو پروکسیون پلس کیسول بر آمد کئے گئے جس کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدگان کی شناخت زبیر احمد شالہ ولد غلام نبی شالہ ساکن صدیق کالونی سوپور اور برہان ایوب ڈار ولد محمد ایوب ڈار ساکن مز بگ فروٹ منڈی سوپور کے طور پر ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن سوپور میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ سوپور پولیس منشیات کی بیخ کنی کے لئے پر عزم ہے۔پولیس نے عوام سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے اور منشیات سے متعلق کسی بھی سرگرمی کے متعلق پولیس کو اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔
سوپور میں دو منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد: پولیس
