عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/وزیر اعظم کے دفتر میں تعینات وزیرمملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بادل پھٹنے اور زلزلوں کے لیے ابتدائی وارننگ سسٹم تیار کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ قدرتی آفات کے وقت شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جا سکے۔ڈاکٹر سنگھ جمعے کو وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) جموں کی جانب سے منعقدہ میڈیا ورکشاپ ’وارتالاپ‘سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں کشتواڑ اور کٹرا اضلاع میں بادل پھٹنے کے سبب اچانک آنے والے سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 150 سے زیادہ قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، جس کے بعد حکومت نے اس سمت میں سنجیدہ اقدامات کیے ہیں۔مرکزی وزیرنے وضاحت کی کہ اگرچہ زلزلے اور بادل پھٹنے جیسے قدرتی واقعات کی درست پیش گوئی فی الحال ایک چیلنج ہے، لیکن ماہرین ان عوامل کا مطالعہ کر رہے ہیں تاکہ عوام کو ممکنہ خطرات سے قبل آگاہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جلد ہی جموں میں ہندوستانی محکمہ موسمیات کا ایک مکمل علاقائی مرکز قائم کرے گی اور جموں و کشمیر کے مختلف مقامات پر چار اضافی موسمی ریڈار بھی نصب کئے جائیں گے۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ میڈیا عوام کو حکومتی اسکیموں، سائنسی ترقیات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کے بقول: ’فلاحی پروگراموں کی کامیابی اس بات پر منحصر ہے کہ معلومات کتنی بروقت اور شفاف طریقے سے عوام تک پہنچتی ہیں۔‘
انہوں نے سی ایس آئی آر اروما مشن کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی مثبت مہم نے دیہی نوجوانوں کو خوشبو دار پودوں کی کاشت، دیہی صنعت اور اسٹارٹ اپس سے جوڑنے میں مدد دی ہے۔ اس وقت جموں و کشمیر میں 3 ہزار سے زائد لیونڈر پر مبنی اسٹارٹ اپس فعال ہیں، جو مقامی روزگار اور معیشت کے لیے اہم ثابت ہو رہے ہیں۔
ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ بھارت میں اسٹارٹ اپس کی تعداد 2014 میں 350 تھی جو اب بڑھ کر 1.5 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے، جس سے ملک دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹارٹ اپ مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے میڈیا کو اس میدان میں جدت کو اجاگر کرنے اور کامیابی کی کہانیاں عام کرنے کا کریڈٹ دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں کو خوشبو صنعت کا مرکز بنانے کے لیے پرائیویٹ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے وہ فرانس کے شہر گراس کا دورہ بھی کر چکے ہیں تاکہ بین الاقوامی تعاون کے امکانات تلاش کیے جا سکیں۔
پی آئی بی جموں کی ڈائریکٹر نہا جلالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیا کو درست اور مستند معلومات فراہم کرنے کے لیے پی آئی بی ہمیشہ معاون رہے گا۔ ورکشاپ میں تقریباً 100 سے زائد صحافیوں نے شرکت کی، جنہوں نے حکومتی فلیگ شپ پروگراموں، اروما مشن اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم پر تبادلہ خیال کیا۔
جموں و کشمیر میں بادل پھٹنے اور زلزلوں کی پیشگی اطلاع کے نظام پر کام جاری: ڈاکٹر جتندر سنگھ
