عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پولیس نے شہر میں صحت عامہ اور حفاظتی ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑا ہوا گوشت فروخت کرنے والے افراد اور اداروں کے خلاف 6 مقدمات درج کئے۔پولیس کے ایک ترجمان نے جمعہ کے روز بتایا کہ ضلع میں سڑے اور غیر صحت بخش گوشت کی فروخت کی اطلاعات پر تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے، سرینگر پولیس نے سول انتظامیہ اور فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر اس لعنت کو روکنے کے لیے ایک مربوط آپریشن شروع کیا ہے۔یہ مقدمات شہر کے لال بازار، بمنہ، بٹہ مالو، صفاکدل، رام منشی باغ اور زکورا پولیس سٹیشنوں میں درج کیے گئے تھے۔شہر بھر میں اچانک معائنہ کرنے کے لیے ضلعی پولیس، سول انتظامیہ اور فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں پر مشتمل ایک فلائنگ اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ان معائنوں کے دوران، سڑے ہوئے گوشت کی نمایاں برآمدگی ہوئی، اور ضبط شدہ اشیا ء کو پروٹوکول کے مطابق تلف کر دیا گیا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔حکام نے پورے کشمیر میں ریستوران اور دکانداروں کے خلاف ایک بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے جو فوڈ سیفٹی کے ضوابط اور صحت عامہ کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے ہیں۔انہوں نے کریک ڈائون کے ایک حصے کے طور پر گزشتہ چند ہفتوں کے دوران 5,000 کلو گرام سے زیادہ سڑا ہوا گوشت ضبط کیا ہے۔