عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ مسلمانوں کو ہر جگہ ہراساں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے حکومت کی جانب سے جامع مسجد کو بار بار بند کرنے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔ فاروق عبداللہ نے یہ باتیں سرینگر کے حضرت بل درگاہ میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ہندئوں اور مسلمانوں کو امن و آشتی کے ساتھ رہنا چاہیے۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ بدقسمتی سے مسلمانوں کو ہر جگہ ہراساں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا،یہ بدقسمتی ہے کہ جامع مسجد اس مقدس دن پر بند رہتی ہے۔ڈاکٹر فاروق نے موجودہ چیلنجوں کے مقابلہ کیلئے اتحاد و اتفاق اور ہمدردی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت بل ہمیشہ ہمارے لوگوں کے لئے امن اور عقیدت کی علامت رہا ہے۔اس مشکل وقت میں ہمیں اپنی مشترکہ اقدار کو مضبوطی سے تھامے رکھنا چاہیے اور ایثار و ایمان کے ساتھ ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہئے۔