ممبراسمبلی کا متاثرہ علاقہ کا دورہ،حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی
محمد تسکین
بانہال//حالیہ بارشوں کی وجہ سے ضلع و تحصیل رام بن کی تحصیل را م بن کی پنچایت ٹنگر میں بھی زمین کا ایک بڑا حصّہ دریائے چناب کی طرف نکلنا شروع ہوا ہے جس کی وجہ سے پنچایت ٹنگر کے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ضلع انتظامیہ نے اپنی مشینری کو متحرک کر رکھا ہے۔ ساولاکوٹ پن بجلی پروجیکٹ کی وجہ سے مشہور پنچایت ٹنگر کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹنگر کے علاقوں میں دراڑیں پڑنے کا سلسلہ کم از کم ایک سال سے جاری تھا اور اب گزشتہ بارشوں کے بعد زمین کے کھسکنے کے عمل میں قدرے تیزی آئی ہے اور جمعہ کی شام تک پنچایت ٹنگر کے کئی واڑوں میں کم از کم اٹھارہ رہائشی مکانوں ،ایک دکان اور ہائی سکول ٹنگر میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور حکام نے ہائی سکول عمارت کو زیر تعلیم بچوں کیلئے غیر محفوظ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زمین دھنسنے کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں ایک سو سے زائد رہائشی مکانوں اور دھرمکنڈ ۔ ٹنگر ۔ ساولاکوٹ پن بجلی پروجیکٹ کو جانے والی رابطہ سڑک کو بھی دھنسنے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دراڑیں پڑنے کی وجہ سے ابھی تک وارڈ نمبر ایک ڈھانڈی اکلاچمپ ، وارڈ نمبر دو مندھان اور وارڈ نمبر تین چمیار سوئی اور ٹھاکر دورا کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے جبکہ واڑڈ نمبر سات نیو باس میں جمعرات کی شام کو پسیوں کے گرنے اور زمین کھسکنے کے تازہ واقعات پیش آئے ہیں اور بجلی کے کئی کھمبے گر جانے سے وارڈ نمبر دو میں بجلی سپلائی بھی معطل ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اوپر پہاڑی سے زمین اپنی جگہ سے کئی سو فٹ نیچے کھسک گئی ہے اور اگر قدرتی تباہی کا یہ سلسلہ یوں ہی چلتا رہا تو پنچایت ٹنگر کے بیشتر حصے کیلئے زمین کی یہ حرکت ایک بڑی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے ۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان نے تحصیلدار رام بن کو علاقے میں ہی رہنے کا حکم دیا جبکہ ٹنگر کے متاثرہ علاقوں میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ مال ، پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں پیشگی متحرک رکھی گئی ہیں۔ پنچایت ٹنگر کا دورہ کرنے کے بعد ممبر اسمبلی رام بن ارجن سنگھ راجو نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹنگر علاقے میں زمین کا ایک بڑا حصہ نکل رہا ہے تاہم جمعرات کی شام سے اس میں جہاں کمی درج کی گئی وہیں ضلع انتظامیہ رام بن صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور نقل مکانی کی صورت میں لوگوں کے قیام کا انتظام بھی رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی سرکار لوگوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے انہیں یقین دلایا ہے کہ ٹنگر پنچایت میں زمین کھسکنے کے ممکنہ واقعات کے پیش نظر متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائیگی۔ ارجن سنگھ راجو نے ٹنگر کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کسی جانی نقصان سے بچنے کیلئے انتہائی چوکس رہیں کیونکہ بارشوں کے بعد نکلی دھوپ میں بھی متعدد علاقوں میں زمین کھسکنے اور پسیوں کے گر آنے کے اچانک واقعات رونما ہوئے ہیں ۔