عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وادیٔ کشمیر میں جمعے کے روز عید میلاد النبی(ص) کی اختتامی تقریبات نہایت ہی شاندار انداز میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئیں۔ اس موقع پر وادی کے چھوٹے بڑے قصبوں میں روح پرور اجتماعات، محافل نعت، درود و سلام اور مجالس ذکر کا اہتمام کیا گیا جن میں علمائے کرام نے سیرتِ رسول اکرم(ص) کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور امت مسلمہ کو اخوت، بھائی چارے اور خدمتِ خلق کی تلقین کی۔سب سے بڑی اور تاریخی تقریب جھیل ڈل کے کنارے واقع مشہور و معروف آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی، جہاں وادی کے طول و عرض سے ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول (ص) جمع ہوئے۔ جمعہ کی نماز کے بعد زائرین کو موئے مقدس (ص) کے دیدار سے شرف حاصل ہوا، جس کے دوران نعرہ تکبیر و صلوٰۃ کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے اور فضا درود و سلام کی صداؤں سے معطر ہو گئی۔
درگاہ حضرت بل میں شب خوانی کی خصوصی مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں نعت خواں حضرات نے عقیدت مندانہ کلام پیش کیا اور سامعین کو اشکبار کر دیا۔ روحانی فضا میں ہزاروں افراد دیر رات تک درود و سلام کی محفلوں میں محو رہے۔وادی کے دیگر علاقوں میں بھی عید میلاد النبی کے اختتامی اجتماعات تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوئے۔ ان میں جامع مسجد سری نگر، آستان عالیہ چرار شریف، زیارت علمدار کشمیر، آثار شریف کلاش پورہ، پنجورہ اور جناب صاحب صورہ شامل ہیں۔ ان مقامات پر بھی علما و خطبا نے سیرت النبی(ص) کے سنہرے اصولوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم (ص) کی تعلیمات ہی امن، اخوت اور انسانیت کی بقا کی ضمانت ہیں۔اس موقع پر انتظامیہ نے خصوصی انتظامات کئے تھے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ درگاہ حضرت بل اور دیگر مقامات پر محکمہ صحت، پی ایچ ای، بجلی اور صفائی عملہ تعینات رہا۔ پینے کے پانی کی فراہمی، بلا خلل بجلی، طبی امداد اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ سیکورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکار تعینات تھے تاکہ اجتماع پرامن اور خوش اسلوبی سے انجام پائے۔
عاشقانِ رسول (ص) کا کہنا تھا کہ یہ دن صرف ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ ایک پیغام ہے کہ امت مسلمہ اپنے پیغمبر(ص) کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر دنیا کو امن، محبت اور انسانیت کا درس دے۔اس طرح وادی بھر میں میلاد النبی (ص) کی اختتامی تقریبات ایک روحانی کیفیت اور بے مثال اجتماعیت کا منظر پیش کرتی رہیں۔ درگاہ حضرت بل کا اجتماع حسب روایت امسال بھی سب سے بڑا اور نمایاں رہا، جس میں ہزاروں زائرین نے نہ صرف شرکت کی بلکہ موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔
کشمیر میں عید میلاد النبی (ص) کی اختتامی تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئیں
