حسین محتشم
پونچھ//انجمن جعفریہ پونچھ کے زیر اہتمام ہفتہ وحدت کی تقریبات نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ امام بارگاہ عالیہ پونچھ میں اپنے اختتام کو پہنچ گئیں۔ اس موقع پر جشنِ میلاد النبیﷺ کے عنوان سے ایک شاندار محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام، معزز شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد ثناء خواں حضرات نے بارگاہِ رسالتؐ میں عقیدت کے نذرانے پیش کئے۔نعتیہ کلام اور درود و سلام کی صداؤں سے امام بارگاہ کی فضا معطر رہی۔مقررین نے اپنے خطابات میں سیرتِ رسول اکرم ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔مولانا سید عابد حسین جرفری نے کہا کہ نبی رحمت ﷺ کی حیاتِ طیبہ عالمِ انسانیت کے لئے ایک کامل اور ہمہ گیر ضابطہ حیات ہے۔ آپؐ نے اخوت، مساوات، عدل اور امن کا ایسا پیغام دیا جو قیامت تک بنی نوع انسان کی رہنمائی کرتا رہے گا۔انہوں نے زور دیا کہ ہفتہ وحدت کا مقصد امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق کی لڑی میں پرونا اور باہمی اختلافات کو بھلا کر اخوت و بھائی چارے کی راہ اختیار کرنا ہے۔
تقریب کے اختتام پر انجمن جعفریہ پونچھ کے ذمہ داران نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی محافل کا مقصد محبتِ رسول ﷺکو عام کرنا اور معاشرے میں اتحاد، رواداری اور امن کو فروغ دینا ہے۔