عارف بلوچ +محمد تسکین
اننت ناگ+بانہال// سرینگر جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کو مجموعی طور پر 18روز کے بعد قاضی گنڈ سے جموں کی طرف مال بردار گاڑیاں چھوڑی گئیں۔ان میں تقریباً 450سے زیادہ میوہ سے لدھی گاڑیاں شامل تھیں، جبکہ باقی گاڑیاں قریب خالی تھیں۔ٹریفک پولیس قاضی گنڈ نے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شام 5بجے کے بعد نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور ایس ایس پی ٹریفک رام بن کی جانب سے انہیں گرین سگنل مل گئی کہ جموں سے وادی کی طرف آنے والا ٹریفک رام بن بانہال سیکٹر پار کر گیا ہے لہٰذا وہ قاضی گنڈ میں رکے پڑے ٹرک جموں کی طرف چھوڑ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں رات 8بجے تک تقریباً 1000ٹرک چھوڑے گئے جن میں قریب 500وہ میوہ گاڑیاں شام ہیں جو پچھلے 18روز سے قاضی گنڈ میں رکے پڑے تھے۔ٹریفک پولیس حکام نے مزید بتایا کہ یہ 1000ٹرک ادہم پور سیکٹر کو پار کرنے کے بعد مزید گاڑیوں کو چھوڑا جائیگا۔انکا کہنا تھا کہ اب قاضی گنڈ میں بظاہر کوئی میوہ گاڑی نہیں رکی پڑی ہے۔ادھرجمعرات کی صبح جموں سے مسافر بردار گاڑیوں اور ادہمپور میں درماندہ اشیا ئے ضروریہ سے لدھے ٹرکوں کو وادی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی ۔ اس دوران تھارڈ کے مقام پرشاہراہ کی خراب بدستور خراب ہے جہاں گاڑیوں کو کیچڑ اور ملبے میں پھسلن ہو رہی ہیں۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا تھارڈ علاقے میں گاڑیوں کی نقل وحرکت سست روی کا شکار ہے اور انہیں ایک ایک کرکے نکالا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو سڑک کی صورتحال گزشتہ روز کے مقابلے میں قدرے بہتر رہی ۔ انہوں نے کہا کہ کچی سڑک دھنسنے کیوجہ سے گاڑیوں کو نکالنے میں شدید دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ نو روز تک بند رہنے کے بعد بدھ کو ہائی وے کو دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ ہمہ موسمی سڑک 26 اگست سے شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد رکاوٹوں کی وجہ سے بند تھی۔ اسے 30 اگست کو مختصر طور پر دوبارہ کھولا گیا تھا، لیکن دوبارہ بند کر دیا گیا۔ مجموعی طور پر، شاہراہ 14 دنوں تک بلاک رہی۔سڑک کی اچھی حالت کے تحت، ہائی وے پر جموں سے سری نگر کی طرف ہلکی موٹر گاڑیوں کو صرف یک طرفہ ٹریفک کی اجازت دی گئی۔اس نے مزید کہا کہ ہلکی موٹر وہیکل (LMV) ٹریفک کو آزمائشی بنیادوں پر اجازت دی گئی تھی، لیکن سڑک کی پھسلن کی وجہ سے، گاڑیاں جام ہوگئیں۔ جمعرات کو جموں سے مال بردار گاڑیاں بھی چھوڑی گئیں ۔
مغل روڑ
8ستمبر سے مغل روڑ سے وادی کی طرف آنے والی گاڑیوں کی تعداد بہت بڑھ گئی اور یہاں سے بھی مغل روڑ کی طرف مال بردار میوہ گاڑیاں دلی کی طرف روانہ کی گئیں۔8ستمبر کو پونچھ سے سرینگر کی طرف869 گاڑیاں،9ستمبر کو518،10ستمبرکو 1861 اور11ستمبر کو472 گاڑیاں روانہ کی گئیں۔شوپیان سے جموں کی طرف9ستمبر کو472، 10ستمبر کو1099 اور 11ستمبر کو1028 گاڑیاں جموں کی طرف روانہ کی گئیں۔