عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے معراج ملک کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کا نفاذ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔سرینگر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا، ’ہم معراج ملک کی گستاخی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، لیکن اس پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرنا کسی صورت درست اقدام نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ڈوڈہ اس وقت دوہری مصیبت کا شکار ہے۔ ’ایک طرف سیلاب کی صورتحال نے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ہے، اور دوسری طرف معراج ملک کی گرفتاری نے حالات کو مزید خراب کر دیا ہے۔‘
نیشنل کانفرنس صدر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرے اور فوری طور پر معراج ملک پر عائد پی ایس اے کو واپس لیا جائے تاکہ خطے میں امن و امان بحال ہو سکے۔
معراج ملک کے خلاف ’پی ایس اے‘ عائد کرنا غیر قانونی اور غیر جمہوری اقدام: فاروق عبداللہ
