عاصف بٹ
کشتواڑ// ایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک کی گرفتاری کے خلاف کشتواڑ کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی احتجاج کیا گیاجبکہ موبایل انٹرنیٹ و براڈبینڈ سروس کو معطل کردیاگیا۔ضلع میں حفاظت کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے۔بدھ کو مختلف مقامات جن میں چھاترو، ڈیڈھ پیٹھ و بس سٹینڈ شامل ہیں،میںاحتجاجی مظاہرے اورنعرے بازی کی گئی۔ صبح چھاترو میں سینکڑوں افراد نے جمع ہوکر احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ۔احتجاجی لوگوں نے فوری طور معراج کو رہاکرنے کا مطالبہ کیا ۔ ڈیڈھ پیٹھ میں بھی مقامی لوگوں نے جمع ہوکر نرے بازی کی اور ایم ایل پر فوری طور پی ایس ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ بدھ کی شام چار بجے بس سٹینڈ میںسماجی کارکن و میڈیا کے لوگوں نے احتجاج کیا اور جم کرنعرے بازی کی۔ انھوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے جن پرپبلک سفٹی ایکٹ کو ڈکٹیٹر سیفٹی ایکٹ لکھا تھا اور جمہوریت کا قتل کے نعرے لکھے تھے ۔اس موقعہ پر ایڈوکیٹ شہباب شیخ نے بتایا کہ یہ پی ایس اے نہیں بیروکریٹک سیفٹی ایکٹ ہونا چاہئے ۔انہوںنے کہا کہ معراج نے اگر کوئی غلط کام کیا ہوتا تو اسکے خلاف قانون کے دائرے میں رہ کرکاروائی ہوسکتی تھی لیکن ڈی سی نے غیر قانونی طریقے سے پی ایس اے کو ایم ایل اے پر نافد کیا جسکی وجہ سے خطہ چناب میں حالات خراب ہورہے ہیںجس کے ذمہ دار ڈی سی ڈوڈہ ہیں اورانکے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ انشمن راٹھور نےمیڈیا لو بتایا کہ پی ایس اے کو ہتھیار بنا کر ایک عوامی نمائندہ کو جیل میں ڈالا جاتاہے جبکہ اسکا قصور بس اتنا ہے کہ اس نے ڈی سی ڈوڈہ کے خلاف برملا کہا اور ڈی سی کو یہی چیز بری لگ گی اور اس پر پی ایس اے لگایا۔اس دوران ضلع بھر میں صبح سے ہی موبائل انٹرنیٹ سروس کو معطل کردیاگیاتھاجبکہ براڈبینڈ سروس کی سپیڈ کو بھی کم کردیاگیا۔ ضلع بھر میں انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہوئے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔